بھٹکل17/نومبر (ایس او نیوز) مرڈیشور سے تعلق رکھنے والے ایک سنئیر شہری کی میسور میں ہوئے سڑک حادثے میں موت واقع ہوگئی جن کی شناخت ولکی شاہ الحمید (68) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ وہ مرڈیشور کے غوث محلہ، بالمقابل غوثیہ مسجد کے رہائشی تھے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق جناب ولکی شاہ الحمید صاحب اتوار دوپہر قریب ساڑھے بارہ بجے گھر سے بازار کے لئے نکلے تھے، یاسین مسجد کے قریب بنگلور نمبر پلیٹ والی ایک تیز رفتار کار ان سے ٹکراگئی۔ ٹکر لگتے ہی وہ سڑک پر ہی گر پڑے، ان کے سر کو گہری چوٹ لگی جس کے نتیجے میں موقع پر ہی وہ جاں بحق ہوگئے۔ انا للہ و اناالیہ راجعون
موصوف کے تعلق سے بتایا گیا ہے کہ وہ مرڈیشور کی مشہور شخصیت جناب مانی شاہ الحمید صاحب کے داماد تھے۔ چونکہ مرڈیشور کے کافی لوگوں کا کاروبار میسور میں ہے، موصوف بھی ابتدا سے ہی میسور میں ہی رہائش پذیر تھے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ان کو ایک فرزند اور ایک دُختر ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان کا فرزند سعودی عربیہ میں برسرروزگار ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی میسور میں رہائش پذیر مرڈیشور کے کافی لوگ پہلے اسپتال پھر بعد میں ان کی رہائش گاہ پہنچے اور گھروالوں کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے موصوف کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مغفرت کی دعا ئیں کیں۔ اللہ انہیں غریق رحمت کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اٰمین
حادثے کے فوری بعد میت میسور کے آر اسپتال لے جائی گئی تھی، جہاں سے پوسٹ مارٹم کے بعد دوپہر قریب 3:30 بجے میت میسور کے راجیو نگر میں واقع ان کی رہائش گاہ لے جائی گئی۔بتایا گیا ہے کہ کل پیر صبح دس بجے راجیو نگر کی مسجد نمرا میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور قریبی قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی۔